رمیز راجہ نے رزاق، فیصل اقبال اور باسط علی سمیت 6 صوبائی کوچز کو فارغ کرنے کا عندیا دے دیا

01:53 PM, 1 Oct, 2021

نیا دور
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے صوبائی ٹیموں کے کوچز کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے انہیں مستقبل میں کسی بھی قسم کی امید نہ رکھنے سے آگاہ کردیا ہے۔

پہلے کوچ مصباح الحق اور وقار یونس کااستعفیٰ، پھر چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے استعفے کے بعد نئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے 6 صوبائی ٹیموں کے کوچز و سلیکٹرزکی بھی چھٹی کا عندیہ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے 6 صوبائی ٹیموں کے کوچز و سلیکٹر ز کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی جس میں سندھ کے کوچ باسط علی، بلوچستان کے کوچ فیصل اقبال، سینٹرل پنجاب کے عبدالرزاق، کے پی کے عبدالرحمن، سدرن پنجاب کے شاہد انور اور نادرن پنجاب کے اعجاز احمد جونیئر نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیز راجہ نےانہیں مستقبل میں کسی قسم کی امید نا رکھنے سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کردیا کہ سلیکشن اور کوچنگ میں ان کا مستقبل شاید نہ ہو ، روایتی اور پرانا انداز اب نہیں چل سکے گا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ رمیز راجہ نے کوچز کو سیدھا پیغام دے دیا، اب سب تبدیل ہونے جارہا ہےکیونکہ وہ ان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔

دوسری جانب سابق ٹیسٹ آف اسپنر ثقلین مشتاق کے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بطور عبوری ہیڈ کوچ تقرر میں 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات اور عُمان میں منعقد ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک توسیع کا امکان ہے۔
مزیدخبریں