ارطغرل غازی کے اختتام پر ایک اور شہرہ آفاق ترک ڈرامہ نشر کرنے کی تیاریاں

02:06 PM, 7 Feb, 2022

نیا دور
سرکاری ٹیلی وژن پی ٹی وی پر ارطغرل غازی کی بے پناہ مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اب ایک اور ڈرامہ پیش کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جس سے پاکستانی ناظرین جلد ہی لطف اندوز ہو سکیں گے۔

خیال رہے کہ پی ٹی وی پر مشہور ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے پانچ سیزن دکھائے گئے۔ اس سیریل کو 2020ء کے ماہ رمضان المبارک میں شروع کیا گیا تھا۔ اس ڈرامے نے نئی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے اور پاکستانی عوام میں بہت مقبول ہوا۔ اس ڈرامے کی آخری قسط گذشتہ روز 6 فروری کو نشر کی گئی۔



پاکستانی ناظرین کی ایک بڑی تعداد نے ڈرامہ ارطغرل غازی کیساتھ اپنی دلی وابستگی پیدا کر لی ہے۔ اس ڈرامے کی توسط سے ہی انھیں ان اسلامی کرداروں کو جاننے کا موقع ملا جن کی بدولت اسلام کا ڈنکا پوری دنیا پر بجتا تھا۔

عوام کے اسی جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے پاکستان ٹیلی وژن کی جانب سے ایک اور مقبول ترک ڈرامے کو نشر کرنے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا گیا ہے کہ رواں ماہ 9 فروری سے ''پایہ تخت سلطان عبدالحمید'' کی نشریات شروع کر دی جائیں گی۔

https://twitter.com/PTVHomeOfficial/status/1490344094954106883?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1490344094954106883%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.dawnnews.tv%2Fnews%2F1176970

پی ٹی وی کی جانب سے جاری ٹویٹ کے مطابق ڈراما ''پایہ تخت سلطان عبدالحمید'' ہر بدھ سے اتوار کو رات 7 بج کر 55 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔ ترکش ریڈیو ٹیلی ویژن (ٹی آرٹی) نے یہ ڈراما 2017ء میں نشر کیا تھا جس کے پانچ سیزن بنائے گئے اور اس کا اختتام 2021ء میں ہوا تھا۔



پایہ تخت عبدالحمید نامی اس ڈرامیہ سیریل کے ہدایتکار سردار آقار ہیں جبکہ اس کا مرکزی کردار ترک اداکار بلند اِنال نے ادا کیا ہے۔ یہ ڈرامہ عثمانی سلطنت کے سلطان عبدالحمید دوئم کی زندگی پر مبنی ہے جو 1876ء سے 1909ء تک اس ریاست کے سلطان رہے تھے۔ انہیں عثمانی سلطنت کا آخری بااختیار سلطان بھی مانا جاتا ہے۔

اس ڈرامے میں ان کے عہد کے آخری برسوں کی کہانی کو بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
مزیدخبریں