تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کو انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) 2021 کا فائنل دیکھنے کے لیے بورڈ آف کنٹرول ان کرکٹ (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے مدعو کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رمیز راجہ فائنل دیکھنے نہیں جائیں گے ۔ رمیز راجہ کو ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے موقع پر دعوت دی گئی۔
لیگ کا فائنل آج دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہوگا۔ فائنل میں مہندرا سنگھ دھونی کی ٹیم چنئی سپر کنگز اور انگلینڈ ٹیم کے کپتان آئین مورگن کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز مد مقابل ہوں گے۔
سارو گنگولی اور رمیز راجہ نے غیر رسمی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جس میں ایشیائی بلاک کو مضبوط کرنا بھی شامل تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان 24 اکتوبر کو دبئی میں آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت سے مقابلہ کرے گا۔ آخری بار ہندوستان اور پاکستان نے دو طرفہ سیریز 2012ء میں کھیلی تھی ، جب بھارت نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان کی میزبانی کی تھی جس میں 2 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل شامل تھے۔