’شہباز شریف تین سے چار ہفتوں میں وطن واپس آ جائیں گے‘

’شہباز شریف تین سے چار ہفتوں میں وطن واپس آ جائیں گے‘
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ پارٹی کے صدر میاں محمد شہباز شریف تین سے چار ہفتوں میں وطن واپس آ جائیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ اپنی معیشت بہتر کریں، حکومتی نااہلی کے باعث پچھلے کچھ ماہ میں اشیا کی قیمتیں ڈبل ہو گئی ہیں۔ عمران خان نے کچھ مہینوں میں آٹے کی قیمت 70 روپے تک پہنچا دی ہے۔

وہ مافیا جس کو نواز شریف نے روک کر رکھا ہوا تھا وہ اب مرضی سے قیمتیں بڑھا رہے ہیں۔ کوئی آفت نہیں آئی، کوئی مسئلہ نہیں ہوا، پھر کیوں چیزیں مہنگی ہو گئی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو حکومت پر توجہ دینی چاہیے، خارجہ پالیسی کے ایشوز بڑے گھمبیر ہو گئے ہیں۔ حکومت نے سوائے مرغیاں اور کٹے پالنے کے کوئی پالیسی نہیں دی، اس پر بھی عمل نہیں کیا۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی (ف) تینوں جماعتیں نئے انتخابات کیلئے متحد ہیں، ہم متفق ہیں کہ بجٹ سے قبل نئے انتخابات ہو جائیں۔ قوم کا ایک ہی سوال ہے کہ حکومت کو کب نکال رہے ہو؟

شہباز شریف کی واپسی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اگلے تین سے چار ہفتوں میں وطن واپس آجائیں گے، ہم چاہتے ہیں صاف شفاف الیکشن ہوں۔ تاکہ قوم کو خارجہ اور معاشی بحران سے باہر نکالا جاسکے۔