ملک بھر میں موبائل سروس عارضی طور پر معطل 

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے جب کہ امن وامان کی صورتحال کو قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔

10:16 AM, 8 Feb, 2024

نیا دور

سکیورٹی خدشات اور گزشتہ روز بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی کی کارروائی کے پیش نظر  ملک بھر میں موبائل سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی۔

ملک بھر میں موبائل سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی۔ اسلام آباد، لاہور، ملتان، راولپنڈی، کوئٹہ ، کراچی، سمیت ملک بھر کے بیشتر شہروں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے ۔ 

ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے جب کہ امن وامان کی صورتحال کو قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔

دوسری جانب  نگران حکومت کی جانب سے ملک بھر میں موبائل سروس معطل کرنے کے فیصلے سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کا بیان سامنے آگیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی معطلی سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کہیں موبائل سروس کھول دیں اور دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا؟

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہناتھا گزشتہ روز بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے، سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا وزارت داخلہ اور ایجنسیز کا کام ہے۔امید ہے انتخابات کا عمل بخیر و عافیت مکمل ہوگا۔

الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ چلے یا بند ہو جائے لیکن الیکشن منیجمنٹ سسٹم چلتا رہے گا۔ الیکشن کمیشن حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی اور دیگر وجوہات پر بعض جگہ نتیجے میں تاخیر ہوسکتی ہے مگر ردوبدل نہیں ہوسکتی۔ حکام کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے آر او کی لائیو لوکیشن کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ پریزائیڈنگ افسر موبائل فون پر ای ایم ایس استعمال کریں گے۔

بریفنگ کے دوران الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ پریزائیڈنگ افسران فارم 45 بننے کے بعد پولنگ سٹیشن کے باہر چسپاں کرکے اس کی تصویر کھینچ کر آر اوز کو بھیجیں گے۔حکام کا کہنا تھا کہ وہ تصویر موبائل کے اندر لاک ہوگی جس پر ٹائم اور لوکیشن ہوگی۔ انٹرنیٹ نہ ہوا تو پریزائیڈنگ افسران فارم 45 ذاتی حیثیت میں آر او آفس جمع کرائیں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں پولنگ کا عمل شروع کرنے سے قبل ہی مختلف شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہونا شروع ہو گئی۔موبائل اور انٹرنیٹ سروس کے متاثر ہونے کے حوالے سے ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں