گوادر میں پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2آفیسرز سمیت 3جوان شہید

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر دوران پرواز ممکنہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔جس وقت حادثہ ہوا، ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔

05:53 PM, 4 Sep, 2023

نیا دور

گوادر میں پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران ممکنہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں 2 آفیسرز سمیت 3 جوان شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق گوادر میں پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا جس میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر دوران پرواز ممکنہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔جس وقت حادثہ ہوا، ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ 

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں تین جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

سابق صدر آصف عالی زرداری نے بھی گوادر میں ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں تین جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے بھی گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر قومی اسمبلی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ راجا پرویز اشرف نے حادثے کے نتیجے میں پاک بحریہ کے افسران کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کی ملک اور قوم کی خاطر پیش کی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاک فضائیہ کا طیارہ بھی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کی وجوہات پر تفتیش کا آغاز کیا گیا۔

گزشتہ برس مئی کے دوران پاک فضائیہ کا طیارہ میانوالی کے قریب تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہوا جبکہ حادثے کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

فضائیہ کے تربیت یافتہ پائلٹ نے حادثے کا شکار ہونے والے طیارے سے چھلانگ لگا دی اور پیراشوٹ کے ذریعے بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب ہوگیا۔

مزیدخبریں